شمالی وزیرستان: سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ،3فوجی جوان شہید
شہدا میں 30 سالہ حوالدار تیمور، 38 سالہ نائیک شعیب اور 24 سالہ سپاہی ثاقب نواز شامل
سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا،آئی ایس پی آر
راولپنڈی(نامہ نگار)شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے باعث پاک فوج کے3 جوان شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ دہشتگردوں نے دیواگر میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق۔ دہشتگردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے 3 جوان جام شہادت نوش کرگئے۔شہدا میں 30 سالہ حوالدار تیمور، 38 سالہ نائیک شعیب اور 24 سالہ سپاہی ثاقب نواز شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا۔پاکستان نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کو استعمال کرنے کی مذمت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امید ہے افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔