راولپنڈی (خبر نگار)عوامی مسلم لیگ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پیش گوئی کی ہے کہ 17اور 18مئی سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی جائیں گی، آئندہ 15دن سیاست میں بہت اہم ہونگے،لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان بھی ہوسکتا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عوامی مسلم لیگ کے صدرشیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو کھڈا اور سازش عمران خان کیلئے بنائی گئی تھی اس کھڈے میں اپوزیشن خود گر گئی ہے، آصف علی زرداری نے نون لیگ سے پرانا قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ اداروں کو کمزور اور بے خبر سمجھتے ہیں وہ عقل کے اندھے ہیں، جس وزیر اعظم اور وزیر اعلی پر منی لانڈرنگ پر فرد جرم آج عائد ہونے تھی اسے طاقت اور بہانے کے زور پر ملتوی کیا جائے، 4 دن کی لندن یاترا پاکستان مسلم لیگ (ن)سے مزید غلط فیصلے کرائے گی اور اسے مزید پھنسائے گی اور ملک کو ڈیفالٹ کرائے گی۔ٹویٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کو اس لیے ہٹایا گیا کیونکہ انہوں نے حمزہ اور شہباز کے منی لانڈرنگ کے کیسسز واپس لینے سے انکار کر دیا تھا، جس نیب کے قانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں اسے ختم کیا جا رہا ہے، آئندہ آنے والے 15دن سیاست میں بہت اہم ہونگے، اگر 15مئی فیصل آباد اور 20مئی کو ملتان کا جلسہ بھی نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان 20مئی سے پہلے بھی ہو سکتا ہے۔