گلگت بلتستان پولیس کا معیار ملک کی کسی بھی پولیس سے کم نہیں، چیف سیکرٹری

گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کا سب سے پہلا واسطہ پولیس سے پڑتا ہے، آپ کے اچھے رویے سے دنیا میں آپ کا اچھا امیج ہوگا
پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ضروریات سے لیس کرنے کے لئے مدد فراہم کریں گے،محی الدین احمد وانی کا پولیس پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
گلگت(نمائندہ بانگ سحر)گلگت بلتستان پولیس کی بتالیسویں پا سنگ آؤٹ پریڈ پولیس ٹریننگ کالج سکوار میں ہوئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی چیف سکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی تھے۔ مہمان خصوصی چیف سکریٹری گلگت بلتستان جب پی ٹی سی پہنچے تو انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان محمد سعید وزیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمان خصوصی کو بچوں نے خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔ مہمان خصوصی چیف سکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی جب آئی جی پی محمد سعید وزیر کے ہمراہ سٹیج پر پہنچے تو انہیں سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد کمانڈنٹ پی ٹی سی سردار محمد شہریار نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس سے حلف لیا۔ چیف سکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے بحیثیت مہمان خصوصی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس فورس کا معیار ملک کے کسی بھی صوبے کی پولیس سے کم نہیں۔ آج کے اس پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مظاہرہ سے واضح ہے کہ آپ کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ آپ نے شب و روز محنت کر کے تربیت حاصل کی ہے یہی محنت اور تربیت حقیقی زندگی اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کام آئے گی۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جو ٹوریسٹ آتے ہیں ان کا سب سے پہلے جی بی پولیس کے ساتھ واسطہ پڑتا ہے ان کے ساتھ آپ کا رویہ اہمیت رکھتا ہے۔ گلگت بلتستان پولیس نے ٹوریسٹ پولیس کا جو یونٹ متعارف کرایا ہے اس سے بھی جی بی پولیس اور گلگت بلتستان بلکہ پورے ملک کا ایک اچھا امیج دنیا میں جائے گا۔ آپ کی شرکت سے عوام الناس میں بھی امیج اچھا ہوگا اوربڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں جی بی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، ٹریننگ و دیگر ضروریات سے لیس کرنے کے لیے مدد فراہم کریں گے۔ چیف سکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کمانڈنٹ پی ٹی سی کے ہمراہ پاسنگ آٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد ریکروٹس کے دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے سے گزرے۔ مہمان خصوصی نے آئی جی پی اور کمانڈنٹ پی ٹی سی کے ہمراہ سلامی لی۔ ٹریننگ کے دوران مختلف شعبوں میں اعلی مہارت کا مظاہرے پر مہمان خصوصی چیف سکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کی طرف سے نقد انعامات، شیلڈ اور تعریفی اسناد تقسیم کئے۔ جی بی پولیس کے بتالیسویں پاسنگ آٹ پریڈ میں 327 ریکروٹس شامل تھے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور الیٹ کمانڈوز کے دستوں نے بھی پریڈ کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ پہلی بار جی بی پولیس کے ایک دستے نے خاموش ڈرل کا مظاہرہ کیا اور بھرپور داد حاصل کی۔ تقریب میں اعلی سول و فوجی و پولیس حکام کے علاہ عوام الناس کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں