82

قومی ایئر لائن نے جج 2022کے آپریشن کیلئے تیاریاں شروع کر دیں

پی آئی اے 31مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گی،آپریشن 8شہروں سے شروع ہوگا
اسلام آباد(خبر نگار)قومی ایئر لائن نے جج 2022کے آپریشن کیلئے تیاریاں شروع کر دیں،پی آئی اے 31مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گی،آپریشن پاکستان کے 8شہروں سے شروع ہوگا،تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن نے حج آپریشن کے حوالے سے وفاقی وزیر ہوابازی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال حج آپریشن پاکستان کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا، سعودیہ عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی، پی آئی اے کا فلائیٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31 مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا، 4 ائیربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں، ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلئرنس کروائی جارہی ہے دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی۔وفاقی وزیر نے پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے اس مقصد کیلئے 1 بوئنگ 777 اور 1 ائیربس 320 کو طویل مدتی سٹوریج سے نکالے،انہوں نے کہا کہ پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلئے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے،وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے، پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔سکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں