وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے روانہ

یہ مارچ پاکستان تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پاکستانی عوام کا ہے، گلگت بلتستان سے عوام بھی بھرپور شرکت کر رہی ہے، راستے میں قافلے کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہیں عوام کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑے گا،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت(بانگ سحر نیوز) عمران خان کی کال پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد آزادی مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہوگیا، صوبائی وزیر صحت رحمت خالق سینئر صوبائی وزیر عبیداللہ بیگ،پارٹی رہنما راجہ جہانزیب،آغا بہشتی، صوبائی ترجمان علی تاج، معاون خصوصی صابر حسین، وزیر اعلیٰ مانیٹرنگ سیل انچارچ عاصم احمد بھی قافلے میں شامل تھے۔ اپنی روانگی سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ یہ مارچ پاکستان تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پاکستانی عوام کا ہے جس میں ملک بھر کے عوام کی طرح گلگت بلتستان سے عوام بھی بھرپور شرکت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کن لمحات ہیں اس کے بعد پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے والا ہے، کیا پاکستان ایسا ملک بننے جارہا ہے جس میں اپنے عوام کی مستقبل کا فیصلہ کرے یا 70 سالوں سے گھٹنے ٹیک کر جوتے پالش کرکے ان کی جنگیں اور ان کے عوام کی مفاد کی فیصلے تھونپے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آنے والا کل پاکستان کی کامیابی اور فتح کا سورج لے کر طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس مقصد کے لئے گلگت بلتستان کے عوام اور پاکستان کے عوام نے قربانیاں دی تھی اور جو خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر پوری ہونے جارہی ہے، ایک لیڈر قائد اعظم کے بعد ملا ہے اور پوری قوم اس لیڈر شپ کے پیچھے کھڑی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے واضح کردیا کہ اگر راستے میں قافلے کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہیں عوام کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں