اسلامی تحریک سے اتحاد گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم کے سیاسی عزائم و سازشیں ناکام ہونگی،وزیر اعلیٰ اور سابق گورنر سے اسلامی تحریک کے وفد کی ملاقات،حکومت کی مضبوطی کیلئے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علامہ شبیر میثمی کے قیادت میں اسلامی تحریک کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان نے گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، صوبے کی جامع ترقی اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میں باضابطہ شامل ہونے کا اعلان کیا اور اس اتحاد کے ذریعے صوبائی حکومت کی مضبوطی کیلئے ساتھ چلنے اورصوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اسلامی تحریک کو گلگت بلتستان حکومت میں خوش آمدید کہا اوراس امید کا اظہار کیا کہ یہ اتحاد گلگت بلتستان کی حکومت کومضبوط کریگا۔ اس اتحاد سے گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم کے سیاسی عزائم و سازشیں ناکام ہونگی۔ یہ اتحاد گلگت بلتستان کی پائیدار تعمیر وُترقی کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے،خطے میں بھائی چارگی اور امن و امان کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔
