وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا کپتان ہے، وہاں کی فیصلہ سازی میں مکمل طور پر بااختیار ہے، وزراء، ممبران اسمبلی و پارٹی کارکن ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں
دوبارہ اقتدار میں ا ٓنے کے بعد امپورٹڈ حکومت نے بجٹ میں جو کٹوتیاں کی ہیں انہیں نہ صرف بحال کرینگے بلکہ کئی گنا اضافہ بھی کرینگے، پارٹی وفد سے گفتگو
اسلام آباد(نمائندہ بانگ سحر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد زیدی، صوبائی وزراء و ممبران اسمبلی کے ہمراہ سابق وزیر اعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقا ت کی۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران نے کہا کہ انشاء اللہ وفاق میں دوبارہ تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے والی ہے۔ گلگت بلتستان کی جامع ترقی کا جو سفر ہم نے شروع کیا تھااسے ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ امپورٹڈ حکومت نے گلگت بلتستان کے بجٹ میں کٹوتیاں کی ہیں انہیں نہ صرف بحال کرینگے بلکہ اس میں کئی گنا اضافہ کرینگے۔ گلگت بلتستان وفاق کی خصوصی توجہ کا حقدار ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید پر اپنے بھرپور اعتماد اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خالد خورشید گلگت بلتستان کا کپتان ہے اور وہاں کی فیصلہ سازی میں مکمل طور پر بااختیار ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تمام وزراء، ممبران اسمبلی و پارٹی کارکنان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی قیادت میں اتفاق و اتحاد کے ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کیلئے دن رات محنت کریں اور ڈسلپن پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
