سیاست اور سیاسی بیانیہ زندہ رہے تو لوگوں کی خدمت کا موقع ملتا ہے،صوبائی صدارت کا عہدہ سونپنے پر پارٹی چیئرمین عمران خان کا مشکور ہوں، اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا
سابق عہدیداران حشمت اللہ،راجہ جلال مقپون،سید جعفر شاہ،فتح اللہ اور دیگر ساتھیوں کی پارٹی خدمات کو خراج تحسین،گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے عوام سے تعاون کی اپیل ہے، وزیر اعلیٰ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نو مقرر صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان وزیر اعلیٰ خالد خورشید کا اہم پیغام، الحمد للہ! آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مجھے پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی صوبائی صدارت کی ایک اور بھاری ذمہ داری سونپی ہے۔ یہ میرے لئے ایک بڑا اعزاز بھی ہے اور چیلنج بھی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہی میری حقیقی سیاسی ذمہ داری ہے۔ سیاست اور سیاسی بیانیہ زندہ رہے تو لوگوں کی خدمت کا موقع ملتا رہتا ہے۔ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا انتہائی مشکور ہوں اور عہد کرتا ہوں کہ ان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے تحریک انصاف کو گلگت بلتستان کی سب سے منظم اورُمضبوط ترین سیاسی جماعت بنانے کے لء تحریک کے ہر کارکن کیساتھ مل کر کام کرونگا۔ وہ تمام کارکنان جنہوں نے گزشتہ دو دہائیوں میں گلگت بلتستان میں اس پارٹی کیلئے کام کیا ہے بالخصوص گزشتہ دہائی میں سابق کنونیئر حشمت اللہ خان، سابق صوبائی صدر و گورنر راجہ جلال حسین مقپون،سابق صوبائی صدر جسٹس(ر) سید جعفر شاہ (مرحوم)،سابق صوبائی جنرل سیکرٹری فتح اللہ خان اور دیگر ساتھیوں نے جس ہمت اور دانشمندی سے
پارٹی کو منظم کرکے ایک انتخابی و عوامی طاقت بنایا اس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کی کاوشوں کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام ممبران، ذمہ داران، کارکنان، یوتھ و طلباء کو متحد کرکے پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے منشور کو منظم انداز میں گلگت بلتستان کے کونے کونے میں پہنچانے کیلئے ہر سطح پر پارٹی کی جڑیں مضبوط کریں گے۔ ہماری پارٹی حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا مرکز بنے گی۔ اس عظیم مقصد کیلئے مجھے پارٹی کے ہر کارکن کا بھرپور تعاون، خلوص اور صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔ خصوصا نوجوانوں کی جنہوں نے پارٹی کا ہراول دستہ بن کر پارٹی قیادت کی ہر کال پر لبیک کہا ہے اور مشکل سے مشکل حالات میں بھی پارٹی کا بیانیہ اور پرچم سربلند رکھا ہے اور امید رکھتا ہوں کہ ہم سب مل کر خلوص و جزبے سے اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کریں اور خطے کی تعمیر و ترقی کو بے مثال بنائیں۔میں عوام گلگت بلتستان سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ شامل ہوں اور خطے کی تعمیر و ترقی میں ہمارا ساتھ دیں۔اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین