پراجیکٹ گلگت بلتستان بلکہ ملکی سطح پر بھی اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام کی حیثیت رکھتا ہے، گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہمارے خواب کا ایک حصہ ہے،محی الدین احمد وانی
گلگت(بیورورپورٹ)چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کاعلم دوست اقدام،گلگت بلتستان میں کم عمر بچوں کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا کمپیوٹر کوڈنگ پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ،جون ماہ کے پہلے ہفتے میں باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی دنیا کا یہ پراجیکٹ گلگت بلتستان بلکہ ملکی سطح پر بھی اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام کی حیثیت رکھتا ہے۔عوامی حلقوں کی جانب سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی اس کاوش اور تعلیم دوستی کے اس عملی ثبوت کو شاندار الفاظ میں سراہا جارہا ہے۔اس حوالے سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہمارے خواب کا ایک حصہ ہے اور ہم عملی طور پر اس اقدام کے آغاز سے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔انشاء اللہ گرمیوں کے دوران گلگت بلتستان کے بڑے شہروں میں تمام مڈل اسکولوں کے لیئے یہ ایک لازمی سرگرمی بن جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا ٹیکنالوجی میں بہت آگے نکل چکی ہے اور ہم نے اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس پراجیکٹ کو لاؤنچ کرنے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے کم عمر بچوں کے لیئے مرتب شدہ پہلے ٹیک بوٹ کیمپ کے آغاز سے خطے کے مستقبل کے معمار مستفید ہونگے اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنا ایک مقام حاصل کریں گے۔