83

رایؤنڈ کے ڈوگرایؤں نے گلگت بلتستان کا بجٹ کاٹا ہے، وزیر اعلیٰ

رانا ثناء اللہ نے بدترین ہتھکنڈے استعمال کرکے ملک کو سری نگر بنادیا ہے،خالد خورشید
مارچ میں شرکت کے بعد نو مقرر صوبائی صدرجی بی پہنچنے پر انصاف یوتھ نے پرتپاک استقبال کیا
گلگت(نامہ نگار خصوصی)نومقرر صوبائی صدر تحریک انصاف گلگت بلتستان وزیر اعلیٰ خالد خورشید چیئرمین عمران خان کی کال پر حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے بعد گلگت بلتستان پہنچ گئے۔مختلف مقامات پر پی ٹی آئی ذمہ داران و کارکنان بالخصوص انصاف یوتھ کی جانب نو مقرر صوبائی صدر کا والہانہ و پرتپاک استقبال کیا گیا۔چیئرمین عمران خان، پی ٹی آئی اور نو مقرر صوبائی صدر کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں مختصر خطاب کے دوران نو مقرر صدر پی ٹی آئی گلگت بلتستان وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ جماعت کے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں کو اکٹھا کرکے باہمی اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان کی مضبوط ترین سیاسی قوت بنائیں گے۔ نو مقرر صوبائی صدر نے والہانہ استقبال پر تمام زمہ داران و کارکنان اور یوتھ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ رایؤنڈ کے ڈوگرایؤں نے گلگت بلتستان کا بجٹ کاٹا ہے گندم کی سبسڈی میں کٹوتی کی ہے اگر اس کو واپس نہ لیا گیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان کے کونے کونے میں ہر سطح پر منظم کریں گے۔رانا ثناء اللہ کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے کورٹ کا فیصلہ خوش آئندہ ہے۔ رانا ثناء اللہ نے بدترین ہتھکنڈے استعمال کرکے ملک کو سری نگر بنادیا ہے۔پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان میں منظم کرنے کے حوالے سے سابق رہنما حشمت اللہ خان، راجہ جلال مقپون، مرحوم جسٹس(ر) سید جعفر شاہ اور فتح اللہ خان کا کردار لائق تحسین ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں