صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی و ترقی فتح اللہ خان نے سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور صوبائی حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی اور بلا جواز بیان بازی پر اپنا شدید ردعمل دیدیا،عوام اچھی طرح جانتے ہیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے خطے کی تاریخ میں پہلی بار سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور متاثرین کی داد رسی کیلئے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی قائم کردی ہے،سابق وزیر اعلیٰ بتائیں ان کا قائد ابھی تک اپنے وطن سے روپوش کیوں ہیں؟۔صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی و ترقی
گلگت(بانگ سحر رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی و ترقی فتح اللہ خان نے سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور صوبائی حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی اور بلا جواز بیان بازی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حفیظ اور امجد کے پاس اپنی گری ہوئی سیاست کو بچانے اور اخبارات میں زندہ رہنے کیلئے ناکام کوشش کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔
حفیظ کو خواب میں بھی عمران خان،علی امین گنڈاپور اور خالد خورشید نظر آرہے ہیں،میں حفیظ کو چیلنج کے ساتھ کہتا ہوں ان کی پوری ٹیم ایک گنڈاپور کا سیاسی مقابلہ نہیں کرسکتی،ان کی اوقات نہیں کہ عمران خان جیسے بین القوامی سیاستدان کے خلاف زبان درازی کرے،خان مملکت کے ہر طبقے کی جان ہے۔پیپلز پارٹی اور ن لیگی ہوائی چپل ان کا مقابلہ نہیں کرسکتی،سیاست سیکھنی ہے تو خان کو جوائن کریں ہم ان کو سیاست سکھائیں گے پھر ان کو بولنا بھی آجائے گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے خطے کی تاریخ میں پہلی بار سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور متاثرین کی داد رسی کیلئے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی قائم کی ہے جو روانہ کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہی ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بحالی کے کاموں کا از خود نگرانی بھی کررہی ہے،انہیں اس وقت بحالی کے کاموں میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کی فکر ہونی چاہئے جبکہ دونوں حضرات کو چور گروپ نے امپورٹڈ حکومت کا منجن بیچنے کی ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ بتائیں ان کا قائد ابھی تک اپنے وطن سے روپوش کیوں ہیں،سیلاب متاثرین سے اگر ہمدردی ہوتی تو اپنے ملک آجاتے اس طرح چوری چھپے زندگی بسر نہیں کرتے۔ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے کیا مقاصد ہیں،انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں،یہ لٹیرے ہیں سب کچھ کھا پی کر جانے والوں کا ایک ٹولہ ہے۔
وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں جب سے سیلاب آیا ہے اس وقت سے اب تک اور مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔وزیر اعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں قائم کمیٹی سیلاب متاثرین کے زمانہ بشانہ کھڑی ہے،انشاءاللہ ہم اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ انکی بحالی تک ان کے ساتھ ہیں۔