چیف سیکریٹری مکانات کی تعمیر کے لیے متبادل جگہ کے طور پر بوبر داس کا بھی دورہ ،سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ورکس و دیگر بھی ہمراہ تھے۔
کمشنر گلگت، ڈی سی غذر، اے سی پنیال،اشکومن اور ایس پی غذر کو ریسکیو کے دوران 24 گھنٹے کام کرنے اور کمیونٹی کو ریلیف پہنچانے پر ان کی شاندار کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا.
سیلاب سے متاثرہ گاؤں بوبر میں بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے،تمام قانونی ورثاء کو دس دس لاکھ کے چیک موصول ہو چکے،ایک ہموار اور شفاف بحالی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ورکس ڈیپارٹمنٹ اپنی پوری ٹیم کے ساتھ متحرک ہے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان
غذر(نمائندہ بانگ سحر)چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ گاؤں بوبر میں بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے،انجینئرز، آرکیٹیکٹس اور دیگر عملے کو بوبر کے متاثرہ علاقے کی فوری بحالی کیلئے ہدایات دی گئی ہیں۔تمام قانونی ورثاء کو دس دس لاکھ کے چیک موصول ہو چکے ہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ مکانات کی تعمیر کے لیے متبادل جگہ کے طور پر بوبر داس کا بھی دورہ کیا ہے،کیونکہ موجودہ علاقہ سیلاب سے بہت زیادہ خطرے سے دوچار ہے،وہان تجویز بھی پیش کی گئی کہ مقامی کمیونٹی کے ساتھ مل کر پری فیبریکیٹڈ ہاؤس تعمیر کیا جائے گا اور لفٹ اریگیشن اسکیم سے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گاؤں میں 5 کلومیٹر تک رسائی سڑک کو پختہ کیا جائے گا اس کے علاوہ خواتین کے لیے کمیونٹی سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بحالی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ورکس ڈیپارٹمنٹ اپنی پوری ٹیم کے ساتھ متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ایچ اے کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی ہیں اور انہوں نے غذر میں تباہ شدہ پلوں کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ تباہ شدہ پاور ہاؤس کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔اگلے 24 گھنٹوں میں اے کلاس ڈسپنسری بوبر میں ایک میڈیکل آفیسر بھی تعینات کیا جائے گا۔چیف سیکریٹری نے اس موقع پر کہا کہ میں نے گرلز سکول بوبر کا بھی دورہ کیا جہاں تین طالبات حالیہ سیلاب میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔ میں نے جاں بحق طالبات کے کلاس فیلوز سے بھی ملاقات کی اور طالبات کو یقین دلایا کہ ان کی خواہش کے مطابق اسکول کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ورکس، سیکرٹری فنانس، ڈی سی، اے سی، جی ایم این ایچ اے کے ساتھ روزانہ بحالی کے عمل سے متعلق پیش رفت رپورٹ شیئر کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق ہونے والی جانیں واپس نہیں لائی جا سکتیں لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ بوبر گاؤں کی کمیونٹی کو سردیوں سے پہلے معمول کی زندگی پر واپس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں بوبر کے دورے کے موقع پر سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ورکس و دیگر بھی ہمراہ تھے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اپنے دورے کے موقع پر کمشنر گلگت، ڈی سی غذر، اے سی پنیال/اشکومن اور ایس پی غذر کو ریسکیو کے دوران 24 گھنٹے کام کرنے اور کمیونٹی کو ریلیف پہنچانے پر ان کی شاندار کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
