خالد خورشید اپنی اہلی چھپانے کے لئے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں،عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ،عمران خان کی طرح خالد خورشید بھی کسی پیرنی کی پیروکار ہیں،رہنما پی پی وچیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی
سکردو (پ ر) پیپلز پارٹی کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی شہزاد آغا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خالد خورشید کو ڈگری جعلی ثابت ہونے پر اخلاقی طور پر گھر جانا چاہئے۔ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ لگتا ہے عمران خان کی طرح خالد خورشید بھی کسی پیرنی کی پیروی کر رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوامی ایشوز سے انہیں کوئی غرض نہیں اس وقت عوام بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے در بدر ہو رہے ہیں۔ سکردو میں پانی، بجلی اور آٹا نایاب ہو چکے ہیں اور اس وقت سکردو کربلا بنا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم وافر کروانے کے نام پر قیمتوں میں اضافہ کر کے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھینا جا رہا ہے۔ مگر اسکے باوجود بھی عوام آٹے کے لئے ذلیل ہو رہے ہیں انہیں عوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں اگر انہیں کوئی فکر ہے تو عمران خان کی جھوٹی باتوں کو سچ ثابت کرنے کی ہے۔ اب عوام ان سے گلگت بلتستان کے لوٹے گئے وسائل کا جلد حساب لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل صوبائی حکومت نے سکردو کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے ایسا لگتا ہے کہ ہم واپس پچاس سال پیچھے چلے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکردو میں عوام پانی کی ایک ایک بوند اور روشنی کے لئے ترس گئے ہیں۔ جو پانی اور بجلی میسر ہے وہ بھی بد انتظامی کا شکار ہے۔ بدقسمتی سے تاریخ کی نااہل ترین حکومت نے گلگت بلتستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ پورے گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت کی نااہلی کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے ہوائی دوروں سے مسائل تو حل نہیں ہو سکتے الٹا یہ دورے بجٹ پر بوجھ ہیں۔
