لینڈ ریفارمز کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا گیا، سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے گلگت بھرو تحریک کا اعلان کریں گے،ترجمان ایکشن کمیٹی
گلگت(بشارت یزدانی)عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کا جلد گلگت بھرو تحریک کے آغاز کا عندیہ،ترجمان عوامی ایکشن کمیٹی جی بی نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اب وزیر اعلی سے استعفی لیں گے اور چیف سیکرٹری کو جی بی بدر کر کے دم لیں گے،عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے ترجمان آفاق بالاور نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ آٹا کے نام پر لوگوں چوکر کھلایا جا رہا ہے اور قیمت دگنی کی گئی جس کو ہم مسترد کرتے ہیں،وزیر اعلی نے وعدہ کیا تھا کہ لینڈ ریفارمز عوام کی خواہشات کے مطابق ہو گا اور جلد خوشخبری ملے گی لیکن لینڈ ریفارمز کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا گیا اب کی بار گلگت بھرو تحریک سے ہم اس حکومت کو گھر جانے پر مجبور کریں گے۔چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے بجٹ کو اپنے من پسند افراد اور نئی نئی چیزوں پر اڑا رہے ہیں جبکہ عوام دو وقت روٹی اور بنیادی ضروریات کیلئے ترس رہے ہیں۔عوامی ایکشن کمیٹی نے گلگت بلتستان کے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے دو ٹیموں کو تشکیل دیا ہے جو جلد سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے گلگت بھرو تحریک کا اعلان کریں گے۔ہم نے حکومت کے لئے وقت دیا تھا تاکہ عوام کے فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام کرے لیکن اس نوزائیدہ حکومت کو زمان پارک کی چوکیداری اور رنگیلے چیف سیکرٹری کو رنگینوں سے فرصت نہیں ملی۔
