پاک فوج دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کی دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے،گزشتہ دنوں امن و امان کی بگڑتی صورت حال جسے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کیا گیا،سابق صوبائی وزیر و رہنما پیپلز پارٹی
گلگت(نامہ نگار خصوصی)سابق صوبائی وزیر و رہنما پیپلز پارٹی گلگت-بلتستان محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے کہا ہے کہ ہم افواج پاکستان کے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کی دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔ ملک میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشت گردی اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر حالیہ مسلم باغ حملے میں ہماری فوج کی جانب سے دیئے گئے دلیرانہ جواب، اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔گزشتہ دنوں میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال جسے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کیا گیا۔ شہداء کی تصاویر، یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط آتشزدگی کا منصوبہ، افواجِ پاکستان کے ادارے کو بدنام کرنے اور اسے ایک زبردست ردعمل دینے کیلئے اکسانے کے لیے انجام دیا گیا۔ ہم فوجی تنصیبات اور سرکاری/نجی املاک کے خلاف سیاسی طور پر محرک اور اکسانے والے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یقیناً ہر محب وطن پاکستانی نے ان افسوس ناک اور ناقابل قبول واقعات پر غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ہم ریاست پاکستان اور ریاستی اداروں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انٹیلیجنس ایجنسیوں کے جمع کئے گئے ناقابل تردید شواہد، ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ فوجی تنصیبات اور قومی املاک کے خلاف گھناؤنے جرائم میں ملوث ان افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین اور اے ٹی اے کے تحت مقدمات کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کو نشان عبرت بنایا جائے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے۔
