83

موسمی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائینگے،چیئرمین قائمہ کمیٹی

قائمہ کمیٹی برائے محکمہ جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کا اجلاس،ماحولیاتی اثرات پر بریفنگ دی گئی،ماحولیات کے تحفظ کے لئے تعاون اورآئندہ بجٹ میں بجٹ کی فراہمی یقینی بنائینگے،غلام محمد،نذیر ایڈووکیٹ
گلگت (پ ر) اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین غلام محمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی سپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ سمیت کمیٹی کے ممبران،ممبر اسمبلی غلام شہزاد آغا،پارلیمانی سیکرٹری دلشاد بانو، محکمہ جنگلات،ماحولیات و جنگلی حیات کے سیکرٹری، ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذمہ داروں نے بھی شرکت کی. اجلاس میں اسمبلی کی کمیٹی کو ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر شہزاد شگری نے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیاں اور اسکے اثرات، گلگت بلتستان میں صاف پانی کے حصول میں درپیش مشکلات اور غذر ایکسپریس ویکی تعمیر کے دوران اور اسکے بعد پڑنے والے ماحولیاتی اثرات انکے تدارک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.اس موقع پر ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور درپیش مشکلات و چیلنجز سے کمیٹی کو آگاہ کیا. اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذمہ داروں نے غذر ایکسپریس وے کی تعمیر کے دوران ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی. اجلاس میں اسمبلی کی کمیٹی نے ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی کمیٹی کے چیئرمین غلام محمد نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا اور صاف پانی کی فراہمی انتہائی اہم ہے کیونکہ انکا براہ راست تعلق انسانی زندگی سے ہے. اسمبلی کی کمیٹی نے کہا ماحولیات کے تحفظ کے لئے کمیٹی ہر ممکن تعاون فراہم کرینگی اور ادارے کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے آئندہ بجٹ میں خصوصی توجہ دینے پر زور دیا جائے گا۔.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں