ملک کو سیاست کے نام پر انتشار پھیلانے والے ملک کے وفادار نہیں،مقررین
گلگت(نمائندہ خصوصی)ہائی کورٹ بار کمپلیکس میں ایک تقریب حلف برداری منعقد کی گئی جسکی صدارت ہائی کورٹ بار کے صدر نسیم اختر میاں ایڈووکیٹ نے کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور ازاں بعد صدر ہائی کورٹ بار نے ممبران ایکزیکٹیو کمیٹی سے انکے عہدوں کا حلف لیا۔ازاں بعد تقریب میں سانحہ 9 مئی کے حوالے سے پاک فوج کی حمایت میں وکلاء نے تقاریر کیں اور فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ہائی کورٹ بار نسیم اختر میاں ایڈووکیٹ نے کہا کہ سیاست کے نام پر ملک میں انتشار پھیلانے والے کسی صورت ملک کے وفادار نہیں اور نہ ہی یہ جمہوری اقدار کی پاسداری کے قابل ہیں۔صدر ہائی کورٹ بار نے ملک میں جلاؤ گھراؤ اور اثاثہ جات کو نقصان پہنچانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا یہ پاک فوج کی مرہون منت ہے کہ عوام سکھ کا سانس لے رہی ہے اور ہمارے اپنے بھائی بہن پاک فوج میں شامل ملک کے لییخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔تقریب سے سابق ایڈووکیٹ جنرل جی بی محمد اقبال ایڈووکیٹ،اسکردو بار کے صدر بشارت علی ایڈووکیٹ اور پی ٹی آئی لائرز فورم کے مرکزی رہنما مہمود عالم اور دیگر وکلاء نے ملک میں جاری سیاست کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے ملک کو دی جانیوالی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔تقریب کے اختتام میں وکلاء نے صدر ہائی کورٹ بار نسیم اختر میاں ایڈووکیٹ کی قیادت میں فوج کی حمایت میں ریلی نکالی اور مختلف نعروں کے ذریعے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
