سنکیانگ چیمبر آف کامرس اور ٹریڈرز کے نمائندوں کا دورہ دو نوں علاقوں کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوگا،خالد خورشد
پاکستان اور چائینہ کے عوام کی دوستی لازوال ہے، دونوں علاقوں کے مابین تجارت کے فروغ سے باہمی دوستی کو مزید فروغ ملے گا،وفد سے گفتگو
گلگت(بانگ سحر رپورٹر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنکیانگ چیمبر آف کامرس اور ٹریڈرز کے نمائندوں کا دورہ گلگت بلتستان دو علاقوں کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان اور چائینہ کے عوام کی دوستی لازوال ہے۔ گلگت بلتستان اور سنکیانگ کے مابین دیرینہ روابط ہیں، اسی لئے سنکیانگ کے لوگ ہمارے لئے اجنبی نہیں۔ دونوں علاقوں کے مابین تجارت کے فروغ سے باہمی دوستی کو مزید فروغ ملے گا۔ سی پیک جیسا اہم منصوبہ سنکیانگ اور گلگت بلتستان سے گزر رہا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں علاقوں کیلئے لازم ہے کہ سی پیک کے اس اہم منصوبے سے بھرپور استعفادہ حاصل کریں۔ سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے چیمبر آف کامرس اور ٹریڈرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں علاقوں کے مابین تجارتی روابط کو وسیع پیمانے پر فروغ دیں۔ حکومت گلگت بلتستان تجارت کے فروغ کیلئے چیمبر آف کامرس اور ٹریڈرز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ جلد سنکیانگ کا دورہ متوقع ہے جس میں دونوں علاقوں کے مابین تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے معاہدے کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے سنکیانگ چیمبر آف کامرس کی جانب سے سنکیانگ میں گلگت بلتستان پویلین کے قیام کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ سنکیانگ میں گلگت بلتستان پویلین کے قیام سے تجارت، سیاحت سمیت تمام شعبوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ دنیا بھر میں چائینز ٹوریزم کا رجحان سب سے زیادہ ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان میں بھی چائینز سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے مابین تجارت کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے اور تاجروں کو آسانیاں پیدا کرنے کیلئے خصوصی اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جاسکتا ہے تاکہ تجارت کے حوالے سے درپیش مشکلات کو بروقت حل کئے جاسکیں۔ سنکیانگ چیمبر آف کامرس کے وفد کے نمائندوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا دورہ چیری کی چائنہ برآمدات کے حوالے سے ہے۔ گلگت بلتستان کا دورہ پھلوں کی برآمدات اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ گلگت بلتستان سے برآمدات اور سیاحت کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر دونوں چیمبر آف کامرس اور ٹریڈرز کے مابین کئی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے۔