35 افراد کو بغیر کاغذات گاڑی چلانے اور بغیر رجسٹریشن گاڈی چلانے پر 178 افراد پر جرمانہ کیا گیا،666,650 روپے جرمانے کی مد میں وصول کر کے رقم کو قومی خزانے میں جمع کروائی گئی ہے، اے آئی جی آپریشنز کی بریفنگ
گلگت (مہدی اکمل کرائم۔رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان دار علی خان خٹک کی ہدایات پر گلگت بلتستان بھر کے تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین/ ہیلمٹ استعمال آگاہی مہم بھر پور انداز میں جاری ہے۔ جس میں لوگوں کو ٹریفک قوانین سے مطلق آگاہی خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے شعور و آگاہی دی جا رہی ہے اور کم عمری میں موٹر سائیکل سواری کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے تاکہ موٹر سائیکل سواروں کے حادثات کی وجہ سے بڑھتی ہوئی شرح اموات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ اس مہم کے دوران گلگت بلتستان بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اے آئی جی آپریشنز محمد جمیل نے مہم سے متعلق آئی جی پی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یکم مئی 2023 سے 11 مئی 2023 تک گلگت بلتستان بھر میں کی جانے والی کاروائیوں میں ٹوٹل 4306 افراد کو مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مبلغ 666,650 روپے جرمانے کی مد میں وصول کر کے رقم کو قومی خزانے میں جمع کروائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 35 افراد کو بغیر کاغذات گاڑی چلانے پر جرمانہ کیا گیا۔ بغیر رجسٹریشن گاڈی چلانے پر 178 افراد پر جرمانہ کیا گیا۔ 127 افراد پر غیر نمونہ نمبر پلیٹ لگانے پر جرمانہ کیا گیا۔ غیر قانونی ہوٹر/ لائیٹس لگانے پر 67 افراد کے خلاف کاروائی کی گئی۔ 388 افراد کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر جرمانہ کیا گیا۔ 928 افراد پر گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال پر کاروائی کر کے جرمانہ کیا گیا۔ ٹریفک قوانین آگاہی مہم کے دوران گلگت بلتستان بھر میں 1749 موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر قانون کی گرفت میں آگئے اور جرمانہ کیاگیا۔ اسی طرح کم عمری میں موٹر سائیکل چلانے نے والے 635 موٹر سائیکل سواروں کو بھی جرمانہ ہوا۔ مہم کے دوران 12 افراد کو خطرناک ڈرائیونگ کا مرتکب پاکر پولیس نے فوری کاروائی کی اور ڈرائیوروں پر جرمانہ کیاگیا۔ بریفنگ کے اختتام پر آئی جی پی نے کہا کہ مہم مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے۔ خصوصاً نوجوانوں کو ہیلمٹ کے استعمال کے فوائد اور ہیلمٹ استعمال نہ کرنے کے نقصانات سے آگاہ رکھا جائے۔ واضح رہے کہ مذکورہ مہم مورخہ 26 اپریل 2023 سے جی بی بھر میں شروع کی گئی ہے جس میں اب تک 6540 افراد کے خلاف مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے فوری کروائی کرتے ہوئے جرمانے کئے اور مبلغ 980,950 روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے,