گریڈ 16 سے اوپر 1061 خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے وزیر اعلی نے چیئرمین ایف پی ایس سی کو مراسلہ لکھا ہے، وزیر اعلی بیروزگاری کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں، بہت جلد ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے،ترجمان برائے وزیر اعلی
گلگت (پ۔ر) ترجمان برائے وزیر اعلی فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور اسکی پوری کابینہ بیروزگاری کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، گلگت بلتستان کے مختلف محکموں میں اس وقت گریڈ 16 سے اوپر 1061 خالی آسامیاں ہیں جنہیں پر کرنے کیلئے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چیرمین ایف پی ایس سی کو مراسلہ لکھا ہے۔ اعلی گریڈ کی ہزاروں آسامیوں کو ہنگامی بنیادوں پر تعینات کرنے سے جہاں ایک طرف مقامی نوجوانوں میں مقابلے کا رجحان بڑھے گا وہاں پر بیروزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا، ہزاروں خالی آسامیوں کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن سے مشتہر کرنے کے بعد لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان قسمت آزمائی کیلئے تیاریوں میں مصروف ہوں گے جس سے خطے سے منفیت کا خاتمہ اور مثبت اپروچ میں اضافہ ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں خالی آسامیوں کو مقامی سطح پر بھی پر کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں تمام محکموں کو بھی مراسلہ لکھا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد محکمہ سروسسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں خالی آسامیوں کی تفصیلات جمع کرائیں تاکہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کئے جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان بیروزگاری کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور فکر مند بھی، وزیر اعلی چاہتے ہیں کہ روزگار کے نئے نئے مواقع پیدا کئے جائیں اور اس مقصد کیلئے بہت جلد ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔۔