لاہورہائیکورٹ :عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں ہائیکورٹ کا 3 رکنی بنچ درخواست پر 26 فروری کو سماعت کرے گا
قائد پی ٹی آئی عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کے مقدمے میں جیل ٹرائل کو ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے

لاہور(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، اس حوالے سے جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ درخواست پر 26 فروری کو سماعت کرے گا، جہاں پی ٹی آئی کے قائد عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کے مقدمے میں جیل ٹرائل کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، عدالت نے درخواست کے دائرہ اختیار سے متعلق دلائل طلب کررکھے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل ٹرائل روکنے کی استدعا کر رکھی ہے، اس کے علاوہ سابق چیرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کی کاروائی روکنے کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی کردی گئی تھی، اس معاملے پر اب کسی بھی وقت دوبارہ سماعت کا آغاز ہوسکتا ہے۔انتخابات سے قبل عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی تھی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین اور فیصل چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ میں آپ کے حکم کے مطابق حاضری لگانے آ گیا ہوں، میری درخواست ہے کہ سماعت ملتوی کر دی جائے، 8 فروری کے بعد سماعت رکھ لیں، انتخابات تک کمیشن بھی مصروف ہے، تاثر جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک جماعت کے خلاف ہے، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی وکیل کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت انتخابات کے بعد تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں