بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس،رولز کے بارے میں گفت و شنید، حد بندی کے عمل کو آگے بڑھا نے پر اتفاق،حلقہ بندیاں مکمل ہوتے ہی صوبائی حکومت سے مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے
گلگت(نامہ نگار خصوصی)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات سے متعلق حد بندی اور حلقہ بندی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی وزیر بلدیات عبد الحمید اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی رحیم گل و دیگر موجود تھے۔اجلاس میں Delimitation اور Demarcation رولز کے بارے میں تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حد بندی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا اور اس عمل کی تکمیل کے بعد کابینہ سے منظوری لینے کے بعد نوٹیفائی کیا جائے گا اور بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان حلقہ بندی کا شیڈول جاری کریں گے۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے بعد صوبائی حکومت سے مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے۔اس حوالے سے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے یا جمہوری نظام میں بلدیاتی ادارے ایک نرسری کا درجہ رکھتے ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوامی مسائل ان کے دہلیز پر حل ہونگے اور عوام کو ان کا حق صحیح معنوں میں مل سکے۔بلدیاتی انتخابات سے جمہوری ادارے مزید مضبوط ہونگے اور علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔کسی بھی معاشرے میں بلدیاتی ادارے جمہوری نظام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔