نئی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں خواتین کی نمائندگی کم، امتیاز و تفریق کی بنیاد ابتداء میں ہی رکھ دی جاتی ہے، ہم سب مل کرگلگت بلتستان کو خواتین، لڑکیوں، مردوں اور لڑکوں کے لئے زیادہ خوشحال بنائیں،سابق صوبائی وزیر و رہنما پیپلز پارٹی
گلگت(پ ر) سابق صوبائی وزیر و رہنما پیپلز پارٹی محترمہ ثوبیہ جے مقدم نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ہم گلگت-بلتستان کے ہر گوشے میں اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین اور لڑکیوں کی کامیابیوں پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہیں۔ لیکن ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ انہیں لاتعداد رکاوٹیں درپیش ہیں۔ نظام کی وجہ سے ہونے والی ناانصافیاں ہوں یا تشدد، معاشرے میں محرومی کا احساس ہو یا اپنی ذات اور اپنی زندگی سے متعلق حقوق سے محرومی، مشکلات در مشکلات کا ایک سلسلہ ہے جو خواتین اور لڑکیوں کو سب سے پہلے اور سب سے زیادہ اپنی لپیٹ میں لیتا ہے۔ خواتین ہوں یا لڑکیاں، مرد ہوں یا لڑکے، صنفی امتیاز و تفریق ہر فرد کو نقصان پہنچاتا ہے۔خواتین کا عالمی دن دراصل میدانِ عمل میں اترنے کا دن ہے۔ اُن خواتین کا ساتھ دینے کے لئے، جو اپنا سب کچھ قربان کر کے اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ جنسی استحصال، بدسلوکی اور زیادتی سے تحفظ کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے، زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی بھرپور شمولیت یقینی بنانے اور انہیں قیادت کے منصب تک لانے کے لئے میدانِ عمل میں اترنے کا دن ہے۔ ٹیکنالوجی کی بدولت خواتین اور لڑکیوں کے لئے تعلیم اور مواقع کی ان گنت راہیں کھل سکتی ہیں۔ لیکن دوسری جانب اسے بدسلوکی اور نفرت پھیلانے کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آج کے دور میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں سے وابستہ افراد میں خواتین کا تناسب ایک تہائی سے بھی کم ہے۔ نئی ٹیکنالوجیز کی دریافت اور ترقی میں جب خواتین کی نمائندگی کم ہو گی تو یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ امتیاز و تفریق کی بنیاد ابتداء میں ہی رکھ دی جاتی ہے۔ اس لئے ہمیں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا ہوگا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھانا ہو گا۔خواتین کی بہتری پر سرمایہ لگانے میں ہر فرد، ہر کمیونٹی اور ہر علاقے کی بہتری ہے۔ آپ حکومت میں ہوں یا نجی شعبے میں، یا سول سوسائٹی کا حصہ ہوں، آئیں ہم سب ایک ہو کر قدم بڑھائیں اور گلگت-بلتستان کو خواتین، لڑکیوں، مردوں اور لڑکوں کے لئے زیادہ خوشحال بنائیں، ہر جگہ ہر فرد کو اس کا حصہ بنائیں اور سب کے لئے انصاف کو یقینی بنائیں۔