گلگت، رمضان پرائس کنٹرول ایکشن کے تحت درجنوں مہنگا فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا، وزیر اعلی کے احکامات کی روشنی میں دس اضلاع میں 377 دکانوں اور ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا،فیض اللہ فراق
خودساختہ مہنگائی کرنے والے دکانداروں پر ڈیڈھ لاکھ سے زائد جرمانے، 15 دکانداروں کو گرفتار اور 17 دکانیں سیل،اپریشن میں 64 سے زائد مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز حصہ لے رہے ہیں،ترجمان وزیر اعلی
گلگت (پ۔ر) ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژن کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں رمضان پرائس کنٹرول آپریشن کا آغاز کیا ہے،اپریشن میں 64 سے زائد مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز حصہ لے رہے ہیں صوبہ بھر کے تمام شہروں اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے مہنگائی کے خلاف کریک ڈوان کرتے ہوئے درجنوں مہنگا فروشوں کو جیل بھیج دیا ہے درجنوں دکاندار گرفتار اور کچھ دکانوں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز سے پہلے خودساختہ مہنگائی کے خلاف صوبائی حکومت کے ایکشن کا مقصد عوام کو ریلیف پہنچانا ہے، ترجمان نے کہا کہ صرف گلگت شہر میں رمضان پرائس کنٹرول ایکشن کے تحت 7 افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں، 4 مہنگا فروشوں کو جیل بھیج دیا ہے اور 6 دکانیں سیل کی گئی ہیں،اس کے علاؤہ صوبہ بھر کے 10 اضلاع میں مزید درجنوں گرفتاریاں عمل میں لائی جاچکی ہیں، 10 اضلاع میں آج کے روز 377 دکانوں اور ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا،خودساختہ مہنگائی کرنے والے دکانداروں پر ڈیڈھ لاکھ سے زائد جرمانے کئے گئے ہیں،ترجمان نے کہا کہ دیگر اضلاع میں 15 دکانداروں کو گرفتار اور 17 دکانیں سیل کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ یہ کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہوں گی اور اس عمل کو موثر بنانے کیلئے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں سپیشل ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ طے شدہ سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حکومت کاروائی کرے گی اور عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ اجناس، پھلوں اور دیگر اشیا کی خریداری کے وقت سرکاری نرخ نامے کا خیال رکھیں اور تمام اشیا سرکاری نرخ نامے کے تحت خریدیں اور کسی دکاندار نے مذکورہ نرخ نامے کی خلاف ورزی کی تو فوری متعلقہ مجسٹریٹ کو شکایت کریں۔