سیکریٹری مواصلات و تعمیرات سبطین احمد نے شایار سے نگر روڑ کی میٹلنگ میں ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایات پر زیر تعمیر سڑک کا معائنہ

نگر : سیکریٹری مواصلات و تعمیرات سبطین احمد نے شایار سے نگر روڑ کی میٹلنگ میں ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایات پر زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا اور محکمے کے ذمہ داران سے بریفنگ لی۔ واضح رہے کہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے اپنے حالیہ دورہ ہنزہ نگر کے موقع پر شایار سے نگر روڑ کی میٹلنگ میں ناقص اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے حوالے سے عوامی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کوفوری طور پر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے تھے۔
سیکریٹری مواصلات و تعمیرات نے اس موقع پر ناقص اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر ذمہ داروں کی سخت سرزنش کرتے ہوئے 15 مئی سے متاثرہ جگہوں پر دوبارہ سے معیاری تعمیر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال اور غیر معیاری کام پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر سپرٹنڈنگ انجینئر ہنزہ نگر اور ایگزیکٹیو انجینئر نگر بھی سیکریڑی مواصلات و تعمیرات کے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں