گلگت بلتستان، غیر ملکیوں کیلئے سیکورٹی سیل قائم

وزارت داخلہ کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس، گلگت بلتستان میں مقیم چینی باشندوں کی سیکورٹی کے انتظامات و اقدامات کا جائزہ،چیف سیکرٹری،آئی جی ودیگر افسران کی شرکت
چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور دفاتر کا معائنہ متعلقہ ڈی سیز اور ایس پیز کے سپرد، نیکٹا پالیسی کی خلاف ورزی پرسخت کارروائی کی جائے گی، محی الدین احمد وانی کی بریفنگ
گلگت(پ ر)وزارت داخلہ حکومت پاکستان کی زیر صدارت ملک بھر سمیت گلگت بلتستان میں رہائش پذیر چینی باشندگان کی سیکیورٹی انتظامات و اقدامات کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس،چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی،سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین خان،آئی جی پی گلگت بلتستان محمد سعید وزیر و دیگر آفیسران کی خصوصی شرکت۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے خطے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بہتر کوآرڈینیشن کے لیئے محکمہ داخلہ گلگت بلتستان میں فارنرز سیکیورٹی سیل قائم کردیا گیا ہے۔چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور دفاتر کا معائنہ متعلقہ ڈی سی اور ایس پیز اپنے اپنے اضلاع میں کررہے ہیں۔ تمام متعلقہ افراد کو ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ نیکٹا پالیسی کے ساتھ دیگر قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پالیسی کے مطابق تمام خامیوں کو دور کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں،یعنی باؤنڈری والز کی اونچائی، رہائش گاہوں پر سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی، کیمروں کی تنصیب وغیرہ اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر نگرانی کررہی ہے،جبکہ قائم کردہ کنٹرول رومز میں ٹیلی فون لینڈ لائن اور فیکس نمبر سے لیس ہیجو تمام ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو فوری ردعمل کے لیے دستیاب ہے۔واضح رہے کہ اسے قبل بھی چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی ہدایت پر سکردو،ہنزہ اور دیامر کے ڈپٹی کمشنرز نے مختلف مقامات پر موجود چائنیز کیمپس اور ہوٹلوں کا خصوصی طور پر دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا ہے اور حسب ضابطہ چینی باشندوں کی ہمہ وقت سکیورٹی برقرار رکھنے کی بھی ہدایات دیں گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں