گلگت بلتستان،مالیاتی خودمختاری کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

وزیر اعلی حاجی گلبر خان کی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس میں طویل ملاقات، کمیٹی جلد سفارشات پیش کریگی
شہباز شریف کی گلگت بلتستان میں سیاحتی ترقی، شمسی توانائی منصوبوں کا لائحہ عمل مرتب کرنیکی ہدایت، گلگت بلتستان میں دانش سکول بنانیکا اعلان

اسلام آباد(بانگ سحر رپورٹر)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاس میں اہم اور طویل ملاقات کی، وزیر اعلی گلگت بلتستان نے وزیر اعظم کو دوسری مرتبہ قائد ایوان منتخب ہونے پر باقاعدہ مبارکباد دی اور گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش سکولز کے قیام پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں گلگت بلتستان کے اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی ،وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کو سیاسی اصلاحات کے ذریعے مرکز کے تمام ایوانوں میں نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا، وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی نیٹ ہائیڈل پرافٹ(ریالٹی) سمیت واٹر یوزر چارجز گلگت بلتستان کو دئے جائیں، فیڈرل فنانس کمیشن میں گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے اور گلگت بلتستان میں داریل تانگیر، یاسین گوپس اور روندو کے نام سے چار نئے اضلاع کا پہلے اعلان ہوچکا ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے، جبکہ فیڈرل پی ایس ڈی پی میں گلگت بلتستان کیلئے تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی منظوری دی جائے ، گلگت بلتستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں جس پر وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے، وزیر اعلی نے گلگت سکردو روڈ کے حوالے سے عوامی شکایت سمیت بجلی کے منصوبے ہرپو اور عطا آباد پر کام کی سست روی سے بھی وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا اور وزیر اعلی گلگت بلتستان نے وزیر اعظم پاکستان کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت بھی دی وزیر اعظم پاکستان نے وزیر اعلی گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے سارے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا اور اس دوران وزیر اعظم پاکستان نے وفاقی وزیر ای۔ اے۔ ڈی احد چیمہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی سیکرٹری مالیات امداد اللہ بوسال، سیکرٹری واٹر ریسورس علی مرتضی اور چیئرمین این ایچ اے کو گلگت بلتستان کے ایشوز پر طلب کیا اور آخر تک اجلاس میں شریک رہے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے تمام مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کی اور خاص کر نیشنل فنانس کمیشن میں گلگت بلتستان کا حصہ ، دیامر بھاشا ڈیم کے نیٹ ہائیڈل پرافٹ(ریالٹی) اور، شعبہ سیاحت کو استحکام دینے اور واٹر یوزر چارجز سمیت گلگت بلتستان کی مالیاتی خودمختاری پر وزیر اعظم نے کمیٹی بنانے کی منظوری دی اور کمیٹی ان تمام امور پر جلد سفارت پیش کرے گی، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اس بات کی تاکید کی کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کے تمام مطالبات پر عملدرآمد ہونے تک کمیٹی کا دوبارہ وزیر اعظم ریویو اجلاس ہوگا اور تمام نکات پر پراگریس کا جائزہ لیا جائے گا، وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان سے خاص محبت کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان حکومت بھر پور انداز میں عوام کی خدمت جاری رکھے وفاقی حکومت ہر قدم پر تعاون کرنے کو تیار ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش سکول تعمیر کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا گلگت بلتستان میں عطا آباد اور ہارپو پن بجلی منصوبے کی تکمیل پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں